کراچی:وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی شیر شاہ میں ہونے والے دھماکے کے جائے وقوع پر پہنچ گئے ہیں۔صوبائی وزیرسعید غنی نے جاری ریسکیو کے عمل کا جائزہ لیا۔
اس حوالے سے صوبائی وزیرسعید غنی کا کہنا تھا کہ ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ دھماکہ کس وجہ سے ہوا مگر اس بات کا قوی امکان ہے کہ دھماکہ نالے میں گیس بھرجانے سے ہوا ہے ۔دھماکے میں اب تک 11 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہیں۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت اور ضلعی انتظامیہ کا تمام عملہ جائے حادثہ پر موجود ہے اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ اس وقت میں یہاں جائے حادثہ پر موجود ہوں اور وزیر بلدیات سںندھ سید ناصر حسین شاہ ٹراما سینٹر میں زخمیوں کی عیادت اور علاج معالجہ دیکھ رہے ہیں۔
جبکہ ہماری وزیر صحت بھی اسپتال میں موجود ہیں۔بدقسمتی سے اس وقت نالوں پر ہزاروں کی تعداد میں تجاوزات قائم ہیں۔یہ تجاوزات گذشتہ 50 سال سے ہیں اور اس میں 20 سے 25 سال میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ اس معاملہ کو حکومت نے متعدد بار حل کرنے کے لئے اقدامات کئے لیکن اس میں کبھی سیاسی جماعتیں تو کبھی وہ دکاندار اور گھر والے جو اس پر رہتے ہیں وہ سامنے آجاتے ہیں۔ یہ کہہ دینا آسان ہے کہ حکومت کچھ نہیں کررہی لیکن حقیقت یہ ہے کہ حکومت اس حوالے سے تمام اقدامات کررہی ہے۔