مہنگائی اپنے عروج پرہے کسی کوکوئی شک نہیں ہونا چاہیے۔فائل فوٹو
 مہنگائی اپنے عروج پرہے کسی کوکوئی شک نہیں ہونا چاہیے۔فائل فوٹو

منی بجٹ سے ملک کا کباڑا ہوجائے گا۔ شہباز شریف

لاہور:مسلم لیگ نون کے صدراورقائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ تین سال میں پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) نے ملک کا وہ کباڑا نہیں کیا جو منی بجٹ سے ہوجائے گا۔

ایک بیان میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا تھا کہ منی بجٹ پاکستان اورعوام کی کمر میں خنجر گھوپنے کے مترادف ہے جس کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ باضمیر حکومتی ارکان اور اتحادیوں سے پھر کہتا ہوں کہ منی بجٹ زہر کا پیالہ ہے، دور رہیں، منی بجٹ سے پاکستان کی معیشت بیرونی سہارے کی مرہون منت ہوکر رہ جائے گی، یہ اقدام پاکستان کی معاشی خودمختاری، جوہری و کشمیر جیسے نازک قومی مفادات کیلیے زہر قاتل ثابت ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ منی بجٹ سے معیشت اور عوام کا گلا کاٹنے کے بجائے 10 سالہ پائیدار معاشی حکمت عملی درکار ہے، پاکستان کو درپیش مسائل کی دلدل سے نکالنے کیلیے دس سال کی پالیسی تیار کرنا ہوگی۔

مسلم لیگ نون کے صدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ قرض ادائیگیوں میں دباؤ میں کمی آئے گی، مہنگائی کم ہوسکے گی، حکومت نے آئی ایم ایف سے مذاکرات جلد بازی اور افراتفری میں کیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت کو خودانحصاری اور داخلی معیشت کی طرف لانا ہوگا، موجودہ حکومت نے معاشی استحکام کے لیے کوئی کام نہیں کیا۔