ہر پارٹی چاہتی ہے اسٹیبلشمنٹ اس کے سر پر ہاتھ رکھے۔شیخ رشید

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ عمران خان کا ایجنڈا مہنگائی کا خاتمہ ہے اور امید ہے کہ وہ پانچویں سال مہنگائی ختم کردیں گے۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہر پارٹی چاہتی ہے کہ اسٹیبلشمنٹ اس کے سرپرہاتھ رکھے لیکن اچھی بات یہ ہے کہ اسٹیبلشمنٹ منتخب حکومت کے ساتھ ہے، ، ایک سال تو پرانی ناراضگیاں دورکرنے میں لگ جاتے ہیں، اتحادی جماعتیں ناراض ہوتی رہتی ہیں، جو بھی ہے وہ اپوزیشن کے ساتھ تو نہیں، ناراض ہونے کا یہی وقت ہے، عمران خان کا ایجنڈا مہنگائی کا خاتمہ ہے، امید ہے عمران خان پانچویں سال مہنگائی ختم کریں گے۔

شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ کوئی کہتا ہے وہ آرہا ہے کوئی کہتا ہے نہیں آرہے، یہاں سے ہی گئے ہیں، یہی آنا ہے، تین لوگ یہاں ہیں سیاسی تابوت کو اٹھانے کے چار پائے چاہیے ہوتے ہیں، شیخ ہونے کے باوجود نوازشریف کواپنی جیب سے ٹکٹ دیتا ہوں، انہوں نے آنا ہے تو آئیں ان کے آنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا،عمران خان کی قیادت میں اگلا الیکشن لڑیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارے ملک میں قبضہ گروپ زیادہ مضبوط ہے، ہم نے قبضہ مافیا کو مضبوط نہیں ہونے دیا، اپوزیشن جماعتوں سے درخواست ہے کہ وہ مارچ ضرورکریں لیکن 23 مارچ کی تاریخ کو 30 مارچ کر دیں، اپنے فیصلے پرنظر ثانی کرے، 23 مارچ کو بڑے بڑے مہمان آرہے ہیں، پہلی دفعہ رافیل کے توڑ میں جے ایس 10 فلائنگ پریڈ کرے گا، افواج عظیم ہیں ، اور اپنے دفاع سے غافل نہیں ہیں۔