لاہور: مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ثبوت کے ٹرک اور صندوقوں سمیت عمران خان اور شہزاد اکبرکی گمشدگی کا اشتہار شائع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عمران صاحب اور شہزاد اکبر شہباز شریف کے خلاف جھوٹے الزامات کے ثبوتوں کے صندوق لے کر آج بھی عدالت نہ پہنچ سکے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب اور شہزاد اکبر شہباز شریف کے خلاف ثبوتوں کا ٹرک لے کر لاپتہ ہیں، روزانہ سماعت کی درخواست کرنے والے 16 ماہ گزرنے کے باوجود انویسٹی گیشن جمع نہیں کرا سکے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے خلاف ’’ثبوت‘‘ سے بھرے ایف آئی اے ٹرک کے ٹائر شاید پنکچر ہوگئے، نہ عمران صاحب اور شہزاد اکبر آئے، نہ ثبوتوں کے ٹرک آئے اور نہ ہی ثبوتوں کے صندوق پہنچے۔
انہوں نے کہا کہ کہاں ہیں ثبوتوں کے وہ صندوق جو آج پیش ہونے تھے؟ 16 ماہ گزر گئے، ایف آئی اے کی رپورٹ پیش نہ ہوسکی، ثبوت کب پیش کریں گے؟
مسلم لیگ (ن) کی ترجمان نے کہا کہ شہباز شریف نے ڈٹ کر عمران صاحب کے سیاسی انتقام اور جھوٹ کا ملک میں اور بیرون ملک ہر عدالت میں مقابلہ کیا ہے۔
انکا کہنا ہے کہ بشیر میمن نے عمران صاحب کے منہ پر گواہی دی کہ شہباز شریف کے خلاف کیس نہیں بنتا، نیب کے 58 والیمز نے گواہی دی کی ایک دھیلے کی کرپشن، کک بیک، اختیارات کا ناجائز استعمال نہیں ہوا۔
ن لیگ کی ترجمان نے مزید کہا کہ عمران صاحب 100 سال بھی تفتیش کریں تو کرپشن نہیں ملے گی کیونکہ آپ نے جھوٹ بولا تھا۔
شہزاد اکبر کی نوکری جلد ختم ہونے والی ہے۔ عطا تارڑ
مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ نے پیش گوئی کی ہے کہ شہزاد اکبر کی نوکری جلد ختم ہونے والی ہے۔
لاہورکی بینکنگ کورٹ کے باہر لیگی رہنما عطا تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 16 ماہ سے ایف آئی اے تحقیقات کی مگر کچھ نہیں مل سکا۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے کے پاس تحقیقات کرنے کے لیے مواد نہیں ہے، شہزاد اکبر عمران خان کے کہنے پر ایف آئی اے پر پریشر ڈالتا ہے، مگر ایف آئی اے کے پاس کوئی ثبوت نہیں۔