فارن فنڈنگ کیس میں تحریک انصاف بے نقاب ہو گئی۔ مولانا فضل الرحمن

اسلام آباد:پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ اور امیر جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس میں تحریک انصاف بے نقاب ہو گئی ہے، تمام سیاستدانوں کی کرپشن اکٹھی کرکے اکیلے عمران خان کے برابر نہیں ہوسکتی۔

پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مصطفی کمال کو خوش آمدید کہا ہے، سندھ بلدیاتی نظام پر گفتگو کی ہے، سندھ اور کے پی کے میں ایسی قانون سازی ہورہی ہے جس میں بلدیاتی اداروں کے اختیارات کم کیے جارہے ہیں، مصطفی کمال کے موقف میں وزن ہے، قانون سازی آئین کے مطابق ہونی چاہیے، اس پر مزید مشاورت جاری رہے گی۔

پی ڈی ایم سربراہ کا کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ کیس میں تحریک انصاف بے نقاب ہو گئی ہے، سارے سیاستدانوں کی کرپشن اکٹھے کرکے اکیلے عمران خان کے برابر نہیں ہوسکتی، ثابت ہوگیا اسے نااہل طریقے سے لایا گیا، ثابت ہوگیا عمران خان کا پورا ٹبر چور ہے، ثابت ہوگیا اس کے پیچھے بین الاقوامی لابی ہے۔

اس موقع پر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کا سیاست میں بڑا مقام ہے، پاک سر زمین پارٹی مولانا کو کے پی کے میں کامیابی پر مبارکباد دیتا ہوں، ملک کسی کے اشارے اورایما پر نہیں آئین پر چلنا چاہیے، نوجوان مایوس ہو رہے، کراچی میں نوجوان خود کشیاں کررہے ہیں۔