مانسہرہ:پی ٹی آئی کے رہنما اور وزیردفاع پرویز خٹک نے پی ٹی آئی کے کنونشن میں مہنگائی کیخلاف نعرےلگانے پربرہم ہو گئے اورہزارہ کے لوگوں کو جاہل اوربدتیمزی میں نمبر ون قرار دیدیا۔
رپورٹ کے مطابق وزیر دفاع پرویز خٹک مانسہرہ میں پارٹی ورکرزکنونشن سے خطاب کر رہے تھے جس میں کچھ کارکنوں نے ملک میں مہنگائی کے خلاف نعرے بازی شروع کردی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ میں ایبٹ آباد بھی گیا ہوں،یہاں کے لوگوں سے بڑا متاثر ہوا ہوں، بڑے زبردست لوگ ہیں لیکن بدتمیزی میں نمبر ون ہیں۔
پرویز خٹک نے نعرے لگانے والوں کو غصے سے خبردارکیا کہ پارٹی میں منافقت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صرف عمران خان کا نعرہ لگاؤ، جو بھی پارٹی میں منافقت کرے گا میں اسے نکال دوں گا۔
ہزارہ کے سماجی سیاسی رہنما شیر بہادر خان نے پرویز خٹک کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ میں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ یہاں کے لوگ غیرت مند ہیں، آپ نے ہزارہ لوگوں کی بےعزتی کی ہے ہم اس کا بدلہ الیکشن میں لیں گے۔