اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انکوائری کمیٹی جلد سانحہ مری کے حقائق سامنے لائے۔
وزیراعظم کی زیرصدارت حکومتی رہنماؤں اورترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں موجودہ سیاسی صورتحال، سانحہ مری پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن میں زیرسماعت فارن فنڈنگ کیس سے متعلق گفتگو ہوئی۔ بابر اعوان اور فرخ حبیب کی طرف سے فارن فنڈنگ کیس پربریفنگ دی گئی۔ وزیرخزانہ شوکت ترین نے معاشی صورتحال پر بریفنگ دی۔
بابراعوان نے کہا کہ ہم نے اپنے ڈونرزکی تفصیلات الیکشن کمیشن کو فراہم کیں، الیکشن کمیشن دوسری جماعتوں کے فنڈنگ ذرائع بھی سامنے لائے، فنانس سپلیمنٹری بل اسی ہفتے اسمبلی سے منظوری کروائیں گے۔ پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور نے سانحہ مری پر بریفنگ دی۔
وزیرخزانہ نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ ہونے والے معاہدے سے ترجمانوں کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ مہنگائی میں مسلسل کمی آرہی ہے،
اجلاس کے دوران سول ملٹری تعلقات پر بھی بات چیت کی گئی، اجلاس کے دوران وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابرافتخارکی طرف سے چند روز قبل کی جانے والی پریس کانفرسن کے بعد سول ملٹری تعلقات سے متعلق اپوزیشن کا بیانیہ دم توڑگیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ کمیٹی جلد از جلد سانحہ مری کے حقائق سامنے لائے، سیاحتی مقامات پر ساری چیزوں کو ریگولیٹ کرنے کی ضرورت ہے، مری میں انفراسٹرکچرکی کمی کو دورکرنے پر زور دیا جائے، جدید طریقے سے سارے معاملے کو ہینڈل کیا جائے۔