کراچی اور سکھر ڈویژن میں سیلابی پانی کی وجہ سے ٹریک سگنلز سسٹم اور پلوں کی میٹننس کا کام ہو رہا ہے۔فائل فوٹو
کراچی اور سکھر ڈویژن میں سیلابی پانی کی وجہ سے ٹریک سگنلز سسٹم اور پلوں کی میٹننس کا کام ہو رہا ہے۔فائل فوٹو

کراچی سے پنجاب جانے والی گرین لائن ٹرین حادثے کا شکار

ابراہیم شاہ کے قریب کراچی سے پنجاب جانے والی گرین لائن ٹرین حادثے کا شکار ہوگئی اورٹرین کی 2 بوگیاں پٹری سے اترگئیں۔

نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد سکھر ایکسپریس کو کوٹ لالو اور خیبر میل کو پڈعیدن ریلوے اسٹیشن پر روک دیا گیا۔ریلوے ذرائع کے مطابق گرین لائن کو پیش آنے والے حادثے کے باعث اپ ٹریک کو ٹرینوں کے لیے بند کر دیا گیا اور روہڑی سے ریلیف ٹرین طلب کی گئی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ متاثرہ ٹرین کی آخر کی 2 بوگیاں الگ کر کے گرین لائن کو روانہ کر دیا گیا ہے تاہم اپ ٹریک تاحال بند ہے۔

ڈی ایس ریلوے شعیب عادل کا اس حوالے سے بتانا ہے کہ گرین لائن ٹرین کی ایک اکانومی بوگی اور پاورپلانٹ بوگی پٹری سے اتری، گرین لائن کو متاثرہ بوگیوں سے الگ کرکے روانہ کر دیا گیا ہے۔شعیب عادل کا کہنا ہے کہ مسافروں کو گرین لائن سمیت دیگر ٹرینوں میں ایڈجسٹ کیا گیا، امدادی کرین روہڑی سے حادثے کے مقام کر دی گئی ہے۔

ڈی ایس ریلوے کے مطابق حادثے کے باعث اپ ٹریک پر ٹریفک معطل ہے، ڈاؤن ٹریک سے تمام اپ ڈاؤن ٹرینوں کو گزارا جا رہا ہے، ریلیف آپریشن جلد مکمل کرکے اپ ٹریک کو بھی بحال کر دیا جائےگا۔