الیکشن کمیشن نے وزیراعظم کو دورہ لویردیرسے روک دیا 

اسلام آباد:الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیراعظم کو دورہ لویردیرسے روک دیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم کے 27 جنوری کو لوئر دیر کے مجوزہ دور ے پرایکشن لیتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیراعظم عمران خان کو دورے سے روک دیا ہے، اس حوالے سے الیکشن کمیشن لوئر دیرکی جانب سے باضابطہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

الیکشن کمشنر محمد اقبال تنولی کی جانب سے ڈی سی لوئر دیر کو وزیراعظم کا جلسہ روکنے اوراس حوالے سے مؤثر اقدامات اٹھانے کے لیے مراسلہ ارسال کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ  مارچ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے سلسلے میں لوگ ووٹ کا حق استعمال کریں گے، الیکشن شیڈول آنے کے بعد وزیراعظم مذکورہ حلقہ کا دورہ نہیں کر سکتے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ الیکشن شیڈول آنے کے بعد کسی بھی ترقیاتی منصوبے کا اعلان اور افتتاح ناممکن ہے، وزیر اعظم کا دورہ رولز 233 اور 234 کی خلاف ورزی ہوگی۔

دوسری جانب وزیراعظم کے 27جنوری کو مجوزہ دور ے اور جلسے کے خلاف جماعت اسلامی نے کل آل پارٹیز کانفرنس طلب کرنے اور بھرپوراحتجاجی مہم شروع کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔