حکومت اگر ایسے کاموں میں ہی لگی رہی تو پھر ملک کا اللہ ہی حافظ ہے۔فائل فوٹو
حکومت اگر ایسے کاموں میں ہی لگی رہی تو پھر ملک کا اللہ ہی حافظ ہے۔فائل فوٹو

حکومت کچھ بھی کرلے نوازشریف واپس نہیں آئیں گے۔چوہدری شجاعت

لاہور:مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ  حکومت چاہے کچھ بھی کرلے نوازشریف واپس نہیں آئیں گے، ان کی واپسی کے معاملے سے باہر نکلیں اورعوامی ایشوز کے حل پر توجہ دیں۔

سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ سال کام کرنے کا ہے لیکن اگر ایسے کاموں میں ہی لگے رہے تو پھر ملک کا اللہ ہی حافظ ہے۔ جو خود وزیراعظم کے امیدوار ہیں وہ نوازشریف کی واپسی کا کہیں تو یہ مضحکہ خیز بات ہے۔ جتنے پیسوں کا الزام نوازشریف پر ہے اس سے زیادہ تو ان کے کیسوں کے چکر میں خرچ کر دیے گئے۔ واپسی کیلیے گارنٹی کی بات کرتے ہیں، زندگی موت کی کوئی گارنٹی نہیں دے سکتا، اس کا اختیار صرف اللہ تعالیٰ کے پاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کل لیڈرایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچنے پرلگے ہیں جس کا عنقریب وہ انجام خود دیکھیں گے۔ مہنگائی مہنگائی کا شور تو ہر طرف ہے لیکن اس کے خاتمے کیلیے کوئی تجویز نہیں دیتا۔کوئی بھی پارٹی یا لیڈر مہنگائی کے خاتمے کیلئے ایوان میں مثبت پلان دے تو اپنے ارکان کو کہوں گا کہ ان کی بات سنیں۔