اسلام آباد:وزیر اطلاعات فواد حسین چوہدری کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک ترمیمی بل کی منظوری میں ساتھ دینے پر یوسف رضا گیلانی اور پیپلز پارٹی کے شکر گزار ہیں، امید ہے اس بڑی شکست کے بعد اپوزیشن کے کچھ دن آرام سے گزریں گے۔
سینیٹ میں اسٹیٹ بینک ترمیمی بل منظور ہونے کے بعد اپنے ٹویٹ میں وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت نے ثابت کیا ہے کہ تمام جماعتیں مل کر بھی ایک عمران خان کے آگے ڈھیر ہیں، اللہ کی مدد شامل حال رہی تو انشاللہ کامیابیوں کا سفر رکنے والا نہیں۔
الحمدللّٰہ ایک اور دن ایک اور کامیابی، عدم اعتماد کا خواب دیکھنے والے اس ایوان میں بھی ناکام جہاں ان کی نام نہاد اکثریت ہے، حکومت نے ثابت کیا ہے کہ تمام جماعتیں مل کر بھی ایک عمران خان کے آگے ڈھیر ہیں، اللہ کی مدد شامل حال رہی تو انشاللہ کامیابیوں کا سفر رکنے والا نہیں
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) January 28, 2022
فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ عدم اعتماد کا خواب دیکھنے والے اس ایوان میں بھی ناکام ہوئے جہاں ان کی نام نہاد اکثریت ہے، الحمدللّٰہ ایک اور دن میں ایک اور کامیابی ملی۔
دریں اثنا لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ سیاسی طور پر آج اپوزیشن کو شکست ہوئی جس میں ہماری بہتری ہے، آج اپوزیشن کی شکستوں میں مزید اضافہ ہوگیا، وہ جو خواب دیکھ رہے تھے کہ ہم قومی اسمبلی میں عدم اعتماد کی تحریک لائیں گے وہ خواب ان کا اس ایوان میں بھی پورا نہیں ہوا جہاں ان کی نام نہاد اکثریت تھی، سینیٹ میں اپوزیشن کی اکثریت ہونے کے باوجود وہ اسٹیٹ بینک ترمیمی بل نہیں روک سکے تو قومی اسمبلی میں کیا کریں گے۔