آئندہ 9 ماہ میں حکومت نہ رہے۔ رانا ثنا اللہ

فیصل آباد :مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے ہو سکتا ہے کہ آئندہ 9 ماہ میں حکومت نہ رہے، رانا ثنا اللہ نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی کو کلین چٹ دیتے ہوئے کہا کہ سینیٹ میں اسٹیٹ بینک سے متعلق بل پاس ہونے پراگر کسی کا قصور ہے تو وہ دلاور خان گروپ ہے، اس بار تو ووٹ بھی پورے تھے لیکن حکومت نے غیر پارلیمانی روایت اپنا کر بل پاس کروایا۔

فیصل آباد میں کارکنوں سےخطاب کرتےہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو ملک کی ترقی کی سزا دی جا رہی ہے,  سی ٹی ڈی کو ہم وجود میں لے کرآئے،اس کے بعد دہشت گردی کا خاتمہ ہو گیا تھا، پوری محنت کا سہرا شہباز شریف کے سر  پر ہے۔انہوں نے نواز شریف کے وطن واپس آنے سے متعلق کہا کہ وہ کب آئیں گے اس کا فیصلہ پارٹی مشاورت سے ہوگا، نواز شریف کسی ڈیل میں دلچسپی نہیں رکھتے اور نہ ایسا چاہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگران سے پوچھیں تو کہتے ہیں آئی ایم ایف قسط نہیں دے رہا تھا، قسط کی خاطر ملک کو گروی رکھ دیا گیا ہے، اسٹیٹ بینک کو اب نہ قومی اسمبلی پوچھ سکتی ہے اور نہ کوئی ادارہ پوچھ سکتا ہے,  فنڈز کے ذریعے چیئرمین پی ٹی آئی کرپشن کرتے ہیں اوران کی اے ٹی ایمز بھی کرپشن میں ملوث ہیں۔دورانِ خطاب انہوں نے کہا کہ اپنے مرضی کے جج لگا کر اپوزیشن کے خلاف فیصلے کروانے ہیں، وزیر اعظم کی خواہش ہے کہ دس یا بارہ جج ملک ارشد جیسے مل جائیں۔