دوا کے ایک پتے کی قیمت میں 9 روپے اضافہ کردیا گیا ہے۔فائل فوٹو
دوا کے ایک پتے کی قیمت میں 9 روپے اضافہ کردیا گیا ہے۔فائل فوٹو

لاہور کے بعدکراچی اور پشاور میں بھی بخارکی دوا مارکیٹ سے غائب

کراچی: کورونا وبا کی پانچویں لہر میں شدت کے بعد کراچی اور پشاور میں بھی بخاراورجسم کا درد دور کرنے میں استعمال ہونے والی دواؤں کی قلت پیدا ہوگئی۔کراچی میں دوا غائب ہونے کی خبر نے شہریوں کو پریشان کردیا جب کہ پشاورکے شہریوں کا کہنا ہے بعض دوائیں میڈیکل اسٹورز پر دستیاب ہی نہیں۔

عام بخار اورکورونا سے بچاؤ کی دوا بھی مارکیٹ سے غائب ہے جس کے نتیجے میں پریشان حال مریضوں اوران کے لواحقین کو جان کے لالے پڑ گئے۔دوائیوں کی عدم دستیابی نے مریضوں اوران کے تیمارداروں کی مشکلات بڑھا دی ہیں جب کہ دوا کے ایک پتے کی قیمت میں 9 روپے اضافہ کردیا گیا ہے۔

ہول سیل فارما ایسو سی ایشن صدر زبیر میمن کا کہنا ہے کہ کراچی میں بھی بخار اور درد کی دوا کمیاب ہو گئی جب کہ  ایک پتے کی قیمت 16 روپے سے بڑھ کر 25 روپے ہو گئی ہے۔

دوسری جانب  میڈیسن مارکیٹ سے گولیاں کہاں غائب ہوئیں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کیا کارروائی کی گئی اس  حوالے سے حکومت بھی خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل  لاہورسمیت پنجاب بھر میں  میڈیکل اسٹورز پر بخارکی ادویات کی قلت پیدا ہو گئی تھی جس کے بعد  لاہور میں بخار کی گولی کئی روز بعد میڈیکل اسٹورز پر دستیاب ہوئی ۔