لاہور:مسلم لیگ ن کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ورچوئل اجلاس میں حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد سمیت تمام قانونی، اور آئینی راستے کے لیے فیصلوں کا اختیار پارٹی کے قائد نوازشریف کو دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں حکومت کو ہٹانے کے لیے تمام ممکنہ آپشنز پر غور کیا گیا اور شرکا نے پارٹی قیادت پربھرپور اعتماد کا اظہارکیا۔علاوہ ازیں پارٹی کے قائد نواز شریف نے شہبازشریف کو حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریکٹ موومنٹ (پی ڈی ایم) کا اجلاس فوری بلانے کی ہدایت کردی ہے۔
سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کے دوران نواز شریف نے کہا کہ شہباز شریف پی ڈی ایم اجلاس میں عدم اعتماد سمیت قانونی راستے اختیار کرنے کے لیے کردارادا کریں۔اس حوالے سے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ ہرشعبہ میں حکومت کی ناقص حکمت عملی اورعوام کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر اس امر پراتفاق ہوا کہ حکومت کا خاتمہ ضروری ہے۔
انہوں نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرکہا کہ اگر حکومت مزید برقرار رہی توہر گزرتے دن کے ساتھ عوام کی بدحالی میں اضافہ ہوگا۔مریم نواز نے کہا کہ سینٹرل ایگویکٹو کمیٹی میں شامل کسی بھی ایک رکن نے عدم اعتماد کا اظہار نہیں کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں نواز شریف پر غیر مشروط اعتماد کا اظہار کیا گیا۔