اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمر امین گنڈا پورکو اسلام آباد ہائیکورٹ سے بڑا ریلیف مل گیا، عدالت نے الیکشن کمیشن کی جانب سے نااہلی کا حکم آئندہ سماعت تک معطل کر دیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیرعلی امین گنڈا پورکے بھائی عمرامین گنڈا پورکو گزشتہ روزالیکشن کمیشن نے میئر سٹی کے انتخاب کیلیے نااہل قرار دیا تھا جس پرانہوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے مطابق علی امین گنڈا پورکی حد تک الیکشن کمیشن کا آرڈر آن فیلڈ رہے گا، جمعہ تک الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل رہے گا۔
عدالت نے الیکشن کمیشن سے نااہلی کیخلاف درخواست پر جواب طلب کر لیا۔وفاقی وزیرعلی امین گنڈا پور کے بھائی عمرامین گنڈا پورنے نااہلی کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کا فیصلہ چیلنج کیا تھا۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ الیکشن کمیشن شفافیت کے تقاضے پورے کرنے میں ناکام رہا ہے۔