آپ حلف نامہ جمع کرائیں پھر ہم آرڈر کریں گے۔فائل فوٹو
آپ حلف نامہ جمع کرائیں پھر ہم آرڈر کریں گے۔فائل فوٹو

توہین عدالت کیس :فواد چوہدری اور فردوس عاشق کو جج کی قبر پر جاکر معافی مانگنے کا حکم

پشاور:خصوصی عدالت کے جج وقار سیٹھ کے خلاف ہرزہ سرائی پر توہین عدالت کیس میں وفاقی وزیر فواد چوہدری اور فردوس عاشق اعوان نے پشاور ہائی کورٹ سے غیر مشروط معافی مانگ لی،عدالت نے قرار دیا کہ جس جج کی دل آزاری کی اس کی قبر پر جا کر معافی مانگیں پھر ہمارے پاس آئین۔

ہائیکورٹ نے پرویز مشرف کو پھانسی کی سزا سنانے والے خصوصی عدالت کے جج وقار سیٹھ کے خلاف وفاقی وزرا کی پریس کانفرنس پر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور سابق معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان عدالت میں پیش ہوئیں۔ دونوں نے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگ لی۔

جسٹس روح الامین نے ان سے کہا کہ جس جج صاحب کی دل آزاری کی ہے ان کی قبر پرجاکردعا کریں اور معافی مانگیں، اللہ تعالی بھی عفو درگزرکو پسند کرتا ہے لیکن جس بندہ کی آزاری کی ہو اس سے معافی مانگنا ضروری ہے، آپ ان کے قبر پر جائیں ان سے معافی مانگیں پھر ہمارے پاس آجائیں، آپ ذمہ دار لوگ ہیں، اگراس طرح کی زبان استعمال کریں گے تو عام آدمی کیا کرے گا۔

عدالت نے دونوں کو تحریری حلف نامہ جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ آپ حلف نامہ جمع کرائیں پھر ہم آرڈر کریں گے۔

واضح رہے کہ اس کیس میں وفاقی وزیرقانون فروغ نسیم، سابق معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبراورسابق اٹارنی جنرل انور منصور پہلے ہی عدالت میں پیش ہوکر معافی مانگ چکے ہیں۔