کیس کا فیصلہ ملک کی سیاسی تاریخ کا نقشہ بدل سکتا ہے-فائل فوٹو
کیس کا فیصلہ ملک کی سیاسی تاریخ کا نقشہ بدل سکتا ہے-فائل فوٹو

فارن فنڈنگ کیس۔ فریقین کو جوابات جمع کرانے کے لیے آخری موقع دیدیا گیا

اسلام آباد:پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن نے فریقین کو جوابات جمع کرانے کے لیے آخری بار وقت دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنرکی زیر صدارت تین رکنی کمیشن نے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی سماعت کی ، درخواست گزاراکبرایس بابراور وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔پی ٹی آئی کی جانب سے الیکشن کمیشن کو بتایا گیا کہ وکیل سپریم کورٹ میں مصروف ہونے کے باعث الیکشن کمیشن کے روبرو پیش نہیں ہوسکتے،لہذا انور منصورکے سپریم کورٹ سے واپس آنے تک سماعت ملتوی کی جائے۔

جس پر چیف الیکشن کمشنرنے ریمارکس دیے آج کی سماعت کی تاریخ مشاورت سے رکھی گئی تھی۔ اکبر ایس بابر کے وکیل نے کہا کہ پی ٹی آئی آج سے پہلے بھی بیشتر التوا کی درخواست دائرکرچکی ہے، کیسزتو روز لگتے رہیں گے۔

چیف الیکشن کمشنرنے کہا کہ درخواستگزاراور پی ٹی آئی کی جانب سے جواب الیکشن کمیشن کو موصول نہیں ہوئے۔ وکیل اکبر ایس بابرنے کہا کہ ہمیں ریکارڈ لیٹ ملا، تیاری کے لیے 20 دن چاہیے ہونگے۔ممبر سندھ الیکشن کمیشن نے اکبر ایس بابرکے وکیل سے کہا کہ آپ بھی دلائل دینے کے لیے تیار نہیں ہیں۔

بحث کو سمیٹتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے وکیل اکبر ایس بابرکو مخاطب کیا اورکہا کہ آپ نے اور پی ٹی آئی نے اب تک جوابات جمع نہیں کرائے،آپ کے پاس جوبھی ہے،آپ اس کا جواب جمع کرائیں،بعد ازاں الیکشن کمیشن نے فارن فنڈنگ کیس کی مزید سماعت یکم مارچ تک ملتوی کردی۔