اسحاق ڈار سینیٹ کی نشست کا حلف اٹھانے کیلیے تیار

اسلام آباد:مسلم لیگ ن کے رہنما اسحاق ڈارنے سینیٹ کی نشست کا حلف اٹھانے کیلیے چیئرمین سینیٹ کو آگاہ کر دیا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما کی جانب سے چیئرمین  سینیٹ صادق سنجرانی کو خط لکھا گیا جس کی کاپی الیکشن کمیشن کو بھجوا دی گئی ۔ اسحاق ڈارکی جانب سے خط میں لکھا گیا کہ میرے انتخاب کو چیلنج کرنے سے پیدا ہونے والا قانونی تنازع حل ہو چکا ہے،عدالت عظمٰی کا 8 مئی 2018 کا ممبر شپ کی معطلی کا حکم نامہ ختم ہوگیا ہے ،21دسمبر 2021 کو سپریم کورٹ نے سول اپیل مسترد کر دی گئی ہے لہذا میری سینیٹ نشست پر کامیابی کو معطل کرنے کا اپنا نوٹیفکیشن واپس لے لیا ۔

اسحاق ڈار نے اپنے خط میں  کہا کہ قانونی رکاوٹیں دور ہونے کے بعد بطور منتخب سینیٹر حلف اٹھانے کے لیے تیار ہوں،برطانیہ میں زیرعلاج ہونے کے سبب فی الحال ذاتی طور پر آنے سے قاصر ہوں لہذا  ورچوئل ویڈیو لنک کے ذریعے حلف لیا جائے، ورچوئل ویڈیو لنک کے ذریعے حلف لینے کاطریقہ سپریم کورٹ میں پہلے ہی زیر استعمال ہے۔

اسحاق ڈار کی جانب سے مزید کہا گیا کہ اگر ورچوئل طریقہ اختیار کرنا ممکن نہ ہو تو برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر یا کسی مجاز شخص سے حلف لینے کا انتظام کریں۔