جے یو آئی نے دھرنا دیا تو کچل کر رکھ دوں گا۔شیخ رشید کی دھمکی

اسلام آباد:وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ تمام جماعتوں کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت ہے لیکن اگر کسی نے دھرنا دیا تو کچل کر رکھ دوں گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ آج وزیراعظم عمران خان کا دن ہے، آج تاریخی جلسہ ہے، اپوزیشن کی نالائقی سے عمران خان مزید مقبول ہوگئے، ہم نے جے یو آئی کو جلسے کی اجازت دی، جے یو آئی سے خصوصی درخواست ہے کہ آپ کا جلسہ جہاں ہے وہیں کریں۔

انہوں نے جے یو آئی کو مخاطب کیا کہ اگر آپ کا مقصد انتشار کرنا یا ہنگامہ آرائی کرنا ہے یا مقصد عمران خان کے کارکنوں کا راستہ روکنا ہے کہ تو ہم 24 گھنٹے یہاں بیٹھے ہیں، ہم نے 28 مارچ کو ن لیگ کو بھی جلسے کی اجازت دی ہے، جے یو آئی والے اپنی مرضی سے بیٹھے ہیں انہیں بھی شوکاز نوٹس دے رہے ہیں، تمام جماعتوں کو جلسے کی اجازت ہے لیکن اگرجے یو آئی نے دھرنا دیا تو کچل کر رکھ دوں گا۔
شیخ رشید نے کہا کہ بلاول استعفی مانگ رہا ہے عمران خان سے اور فضل الرحمن بھی، گینگ آف تھری سے کہتا ہوں کہ انہیں کچھ نہیں ملنے والا، عمران خان چھا جائے گا چاہے اسمبلی سے ہو یا عوام اور تم دیکھتے رہ جاؤ گے، عمران خان آخری بال تک کھیلیں گے، جو تم چاہ رہے ہو وہ نہیں ہونے والا اور اقتدار تمہاری جھولی میں نہیں آئے گا۔
اسلام آباد میں جلسوں سے متعلق انہوں نے کہا کہ اگر کسی نے قانون کو ہاتھ میں لیا تو نتیجہ اچھا نہیں ہوگا، شام میں عمران خان کا جلسہ ہے ہم نے مزید راستے بنائے ہیں، کوشش ہے کہ عدالتی فیصلوں کا احترام کیا جائے اور کوئی تصادم نہ ہو لیکن اگر تصادم ہوا تو کوئی نہیں بچے گا اور قانون حرکت میں آئے گا۔