جسے اپوزیشن نامزد کرے گی،وہی وزیراعلیٰ پنجاب ہوگا۔آصف زرداری

اسلام آباد: بلوچستان سے آزاد حیثیت میں منتخب ہونے والے رکن قومی اسمبلی اسلم بھوتانی نے تحریک عدم اعتماد پر اپوزیشن کا ساتھ دینے کا اعلان کردیا۔

اس بات کا اعلان انہوں نے اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کی قیادت آصف زرداری اور بلاول کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کیا۔ اس موقع پر بلوچ رہنما اختر خان مینگل، ایاز صادق اور دیگر بھی موجود تھے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کردی، قبل ازیں جمہوری وطن پارٹی اور بلوچستان عوامی پارٹی بھی ہمارے ساتھ شامل ہوچکے ہیں۔

ق لیگ کے حکومت کی حمایت کے سوال پر آصف زرداری نے کہا کہ ملک کو بچانے کی غرض سے میں نے (ق) لیگ کو بھی دعوت دی وہ ہمارے ساتھ چلنے کے لیے تیار تھے کہ معلوم نہیں انہیں کیا ہوا کہ وہ کہیں اور چلے گئے، ان سے پوچھا جائے کہ رات کے بارہ بجے ہمیں مبارک باد دینے آتے ہیں اور صبح کہیں اور چلے جاتے ہیں۔

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے بھی نمبرز ہمارے پاس ہیں حکومت کے پاس نہیں، جسے اپوزیشن نامزد کرے گی وزیراعلیٰ پنجاب وہی ہوگا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ خان صاحب کی عادت ہے جھوٹے الزامات عائد کرنا، عدم اعتماد کے لیے ہمارے نمبرز پورے تھے اوراب اس سے بھی زیادہ ہیں، ایم کیو ایم کا ایک مطالبہ بھی ایسا نہیں جو ہم نے نہیں مانا، ہم آج بھی ان کے کسی مطالبے سے انکار نہیں کررہے، کراچی کی ترقی کے لیے ہمیں ایم کیو ایم کے ساتھ دیرپا تعلقات قائم کرنے ہیں۔