(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

عمران خان نے ہتھیار ڈال دیے،محفوظ راستہ مانگ لیا

اسلام آباد:نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیاہے کہ عمران خان نے موجودہ صورتحال میں محفوظ راستہ مانگ لیا ہے لیکن اپوزیشن نے وزیراعظم پرعدم اعتماد کا اظہارکردیا ۔

نجی ٹی وی کے مطابق عمران خان اورشہبازشریف کو اہم شخصیت کے پیغام کے بعد اپوزیشن رہنماﺅں کا اہم ترین اجلاس ہوا جس میں یہ انکشاف ہواکہ موجودہ صورتحال میں عمران خان نے محفوظ راستہ مانگا ہے ، عمران خان نے پیشکش کی ہے کہ عدم اعتماد واپس لی جاتی ہے تو وہ اسمبلیاں تحلیل کرنے کیلیے تیار ہیں ۔

اجلاس میں اہم شخصیت کے پیغام پرغوروفکرکیا گیا اور رہنما اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ عمران خان پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا ، اپوزیشن کے پاس نمبرز پورے ہیں، سپیکر سے جلد ووٹنگ کا مطالبہ کیا جائے ، جتنی جلدی ووٹنگ ہو گی ہمیں فائدہ ہو گا ۔اپوزیشن اراکین نے فیس سوینگ کیلیے استعفیٰ ہی واحد آپشن قراردیاہے ۔پیغام میں عمران خان کا کہناتھا کہ اپوزیشن متفق نہ ہوئی توہرطرح کے حالات کا سامنا کرنے کیلیے تیار ہوں ۔

متحدہ اپوزیشن کے اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ  اجلاس میں ملک کی  سیاسی صورتحال اور تحریک عدم اعتماد پر مشاورت کی گئی ، اجلاس میں  متحدہ اپوزیشن کے  172 ارکان اسمبلی نے  شرکت کی ۔

اجلاس میں تحریک عدم اعتمادکی کامیابی کیلئے ارکان کی مطلوبہ سے زائد تعداد پر اطمینان کا اظہار کیا گیا،  اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ  اپوزیشن عمران خان کو این آر او نہیں دے گی،  ذرائع سےچلائی جانےوالی خبریں فیصلہ تبدیل نہیں کراسکتیں۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ عمران خان نیازی وزارت عظمیٰ کے منصب پر غیر آئینی طور پر براجمان ہیں ،  وہ ملک کو تصادم ، انتشار سے دوچار کرنے پر تلے ہوئے ہیں ، حکومتی مشینری بشمول آئی جی  اسلام آباد ، ضلعی انتظامیہ اور دیگرمتلعقہ ادارے غیر قانونی احکامات ماننے سے اجتناب کریں ۔