ہمارے پاس ابھی تک وفاق کا جواب نہیں آیا اور اٹارنی جنرل بھی موجود نہیں۔فائل فوٹو
اٹارنی جنرل اورایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل نیب سمیت دیگرفریقین کو نوٹس جاری کردیا۔فائل فوٹو

آج مناسب حکم جاری کریں گے۔چیف جسٹس

اسلام آباد:ملک میں موجودہ آئینی صورتحال پرازخود نوٹس کیس میں چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ قومی اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکرنے جو رولنگ دی اس کی آئینی حیثیت کا جائزہ لینا ہے، آج مناسب حکم جاری کریں گے۔

اسلام آباد:چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ نے ملک میں موجودہ آئینی صورتحال پر ازخود نوٹس کی سماعت کی۔ وکیل بابر اعوان نے موقف اپنایا کہ صدارتی ریفرنس کو موجودہ از خود نوٹس کے ساتھ سنا جائے، جو کچھ بھی ہوا ہے سب ریکارڈ پرلانا چاہتے ہیں، سارا مسئلہ جلدی الیکشن کا تھا، عمران خان کی اجازت سے عرض کر رہا ہوں کہ الیکشن کرانے کے لیے تیار ہیں۔ جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہمارے سامنے سیاسی باتیں نہ کریں، آج مناسب حکم جاری کریں گے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے عدالت سے فل کورٹ بنچ بنانے کی استدعا کی۔ جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آپ کو اپنے کیس کی کیا پریشانی ہے؟عدالت کو تعین کرنے دیں کہ کونسا سوال کتنا اہم ہے، فل کورٹ کی گزشتہ سال 63 سماعتیں ہوئیں، گزشتہ سال بھی فل کورٹ کی وجہ سے 10 ہزار مقدمات کا اضافہ ہوا، آپ بتانا پسند کریں گے کہ کونسے آئینی سوالات پر فل کورٹ کی ضرورت ہے ؟ اگر آپ کو کسی پرعدم اعتماد ہے تو بتا دیں، ہم اٹھ جاتے ہیں،عدالت نے فل کورٹ بینچ بنانے کی استدعا مستردکردی۔

وکیل فاروق ایچ نائیک نے موقف اپنایا کہ آرٹیکل 95 وزیراعظم پرکسی چارج یا الزام کی بات نہیں کرتا، عدم اعتماد کے ووٹ کیلئے کوئی وجہ ہونا ضروری نہیں، اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد پر بھی وزیراعظم والا طریقہ کارلاگو ہوتا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ جو کچھ قومی اسمبلی میں ہوا اس کی آئینی حیثیت کا جائزہ لینا ہے۔ جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیئے کہ آپ کا کیس اجلاس بروقت بلانے کا نہیں۔

جسٹس منیب اختر نے کہا کہ اسپیکر نے اجلاس تاخیر سے بلانے کی وجوہات بھی جاری کی تھیں، وجوہات درست تھیں یا نہیں، اس پر آپ مؤقف دے سکتے ہیں، کیا آرڈر آف دی ڈے تب جاری ہوتے ہیں جب اسمبلی اجلاس چل رہا ہو ؟ کیا اسپیکر کو اسمبلی اجلاس بلانا ہوتا ہے؟ کیا 10 مارچ آرڈر آف دی ڈے جاری کرنے کا نہیں ؟ کیا 10 مارچ آرڈرز سرکولیٹ کرنے کا دن تھا ؟۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا ووٹنگ سے پہلےعدم اعتماد پر بحث ہوتی ہے۔ جس پر فاروق نائیک نے کہا کہ عدم اعتماد پر بحث کی اجازت ہی نہیں دی گئی۔ جسٹس منیب اخترنے پوچھا کہ کیا بحث کی تاریخ مختص نہ کرنے پر اعتراض کیا ؟ جس پر فاروق نائیک نے کہا ہم تو صرف بٹن دبا سکتے ہیں، اجلاس شروع ہوا تو فواد چودھری نے آرٹیکل 5 کے تحت خط کے حوالے سے سوال کیا، فواد چوہدری کے پوائنٹ آف آرڈر پر ڈپٹی اسپیکرنے رولنگ جاری کر دی۔

عدالت نے استفسار کیا کہ تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کی اجازت اسپیکر دیتا ہے یا ایوان ؟ جسٹس منیب اختر نے پوچھا کہ اسپیکر کا اختیار ہے وہ تحریک پیش کرنے کی اجازت نہ دے ؟ اسپیکر تحریک پیش کرنے کی اجازت نہ دے تو پھر کیا ہوتا ہے ؟۔