وزیر اعظم شہباز شریف سندھ کا دورہ

وزیر اعظم کا لوڈشیڈنگ میں نمایاں کمی کرنے کاحکم

اسلام ٓٓباد:وزیراعظم شہباز شریف نے مئی کے مہینے تک لوڈشیڈنگ میں نمایاں کمی کرنے کاحکم دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد پہلی بار لاہور پہنچے تو لاہور میں سب سے پہلے کوٹ لکھپت جیل کے دورے پر پہنچ گئے، جہاں انہوں نے جیل کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ وزیراعظم نے اس بیرک کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں قید کے دوران رکھا گیا تھا۔

وزیراعظم کے ہمراہ آئی جی جیل خانہ جات، آئی جی پنجاب، چیف سیکریٹری اورکمشنرلاہور بھی ساتھ تھے، وزیراعظم نے جیل میں موجود اسپتال اورلنگرخانے کا بھی دورہ کیا،اورکوٹ لکھپت جیل سمیت تمام جیلوں میں سہولتوں میں سہولیات میں اضافے اوراسکول ڈسپنسری بہترکرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم شہبازشریف نے ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اضافے اورعوام کی مشکلات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مئی کے مہینے تک لوڈشیڈنگ میں نمایاں کمی کرنے کاحکم دے دیا اور ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی سخت ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو جب تک اس عذاب سے نجات نہیں ملتی نہ خود چین سے بیٹھوں گا نہ کسی کو بیٹھنے دوں گا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سابق حکومت کی مجرمانہ غفلت کی پیدا کردہ تکلیف سے شہریوں کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کریں، تیل وگیس کا بندوبست ہونے تک عبوری اقدامات کو بہتربنایا جائے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نوازشریف حکومت نے ملک میں اضافی بجلی کی وافرمقدار فراہم کی تھی، عمران حکومت نے ایک نیا یونٹ شامل نہیں کیا، بروقت ایندھن خریدا گیا نہ کارخانوں کی مرمت کی گئی، سابقہ حکومت نے ہمارے دور کے سستی اور تیز ترین بجلی پیدا کرنے والے پلانٹ بند کئے، مہنگی اور کم بجلی بنانے والے کارخانے استعمال کئے گئے، اس ظلم کی قیمت قوم کو ہر ماہ 100 ارب روپے کی شکل میں ادا کرنا پڑرہی ہے، 6 ارب میں ایل این جی کا جو ایک جہاز مل رہا تھا، وہ قوم کو20 ارب میں پڑ رہا ہے۔