صدر عارف علوی، ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے عمران خان کے ایما پر آئین شکنی کی، دستورکوسبوتاژ کیا۔فائل فوٹو
صدر عارف علوی، ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے عمران خان کے ایما پر آئین شکنی کی، دستورکوسبوتاژ کیا۔فائل فوٹو

حکومت کا عارف علوی،عمران خان کیخلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کا فیصلہ

حکومت نے صدر مملکت عارف علوی، سابق وزیراعظم عمران خان، قاسم سوری اورعمر سرفرازچیمہ کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی حکومت نے دستور پاکستان پرعمل درآمد سے متعلق بڑا فیصلہ کرتے ہوئے آئین شکنی کے جرم میں سابق حکومت کی اہم شخصیات کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ان شخصیات میں صدر عارف علوی، سابق وزیراعظم عمران خان، ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری، گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ شامل ہیں جن کے خلاف کارروائی کے لیے وزرات قانون وانصاف اور وزرات داخلہ نے ریفرنس کی تیاری شروع کردی۔

ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد کے عمل میں واضح آئین شکنی کی گئی، صدر عارف علوی، ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے عمران خان کے ایما پر آئین شکنی کی، دستورکوسبوتاژ کیا، پنجاب اسمبلی میں آئینی عمل کو سبوتاژ کیا گیا اور گورنر نے آئین شکنی کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر عارف علوی نے پارٹی چیئرمین کے حکم پرآئین قربان کر دیا، سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے آئین پرعمل درآمد کرنے واضح احکامات کی توہین کا جرم کیا گیا، بیانات اور قومی و صوبائی اسمبلیوں کا ریکارڈ حاصل کرنے کا عمل شروع ہوگیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالتی احکامات اور عدالتی نظائر بھی طلب کرلیے گئے ہیں جنہیں شواہد کے طور پر ریفرنس کے ساتھ منسلک کیا جائے گا،  ریفرنس سے پاکستان کی سیاسی وعدالتی تاریخ میں ایک نیا باب لکھا جائے گا۔