کراچی میں پانی چوری کے خلاف آپریشن کا فیصلہ

کراچی:ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت واٹر بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر سعید غنی، ناصر شاہ، چیف سیکریٹری سمیت دیگر شریک ہوئے۔

متعلقہ حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کراچی کو 1000 ایم جی ڈی پانی کی ضرورت ہے، جبکہ اس وقت کراچی کو 580 ایم جی ڈی پانی کی سپلائی جاری ہے۔

بریفنگ میں حکام نے بتایا کہ پانی کے 174ایم جی ڈی لائن لوسز ہیں، 406ایم جی ڈی پانی سپلائی جاری ہے، شہر میں بچھائی ہوئی پانی کی لائن بہت پرانی ہیں اور پرانی لائن ہونے کے سبب پانی ضائع ہوتا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اجلاس میں کہا کہ شہر قائد کے ہر علاقے کو پانی ملنا چاہیے۔ پانی کی لائن بچھانے کیلیے پرانی واٹر سپلائی پائپس تبدیل کرنی ہوں گی، واٹر سپلائی سسٹم کو بہتر کرنے کیلیے1اعشاریہ 59 ملین روپےکی اسکیم جاری ہے۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ 406 ایم جی ڈی پانی کی تقسیم منصفانہ ہونی چاہیے، وزیراعلیٰ نےمالی سال 23-2022 میں کے ڈبلیو ایس بی کی اسکیم کو پوری فنڈنگ دینے کا فیصلہ کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نےاسکیم پر کام تیز کرنے کے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ کام سست روی کا شکار ہے اس کو تیز کریں،کے ڈبلیو ایس بی کو اپنا ریونیو بڑھانے کی ضرورت ہے۔

مراد علی شاہ نے اجلاس میں پانی کی چوری کے خلاف آپریشن کا فیصلہ کیا اور کہا کہ واٹر بورڈ کو اپنےانتظامی نظام کو بھی بہتر کرنےکی ضرورت ہے۔