صدر مملکت نے ایوان صدرکے دفترکا غیرآئینی استعمال کیا۔فائل فوٹو
صدر مملکت نے ایوان صدرکے دفترکا غیرآئینی استعمال کیا۔فائل فوٹو

غیرملکی سازش پرعدالتی کمیشن قائم کیا جائے۔ صدرنے خط لکھ دیا

اسلام آباد:صدر مملکت نے سابق وزیراعظم عمران خان کا غیر ملکی سازش سے متعلق خط موجودہ وزیراعظم اورچیف جسٹس سپریم کورٹ کو ارسال کرتے ہوئے تحقیقات کے لیے بااختیارعدالتی کمیشن قائم کرنے کی سفارش کردی۔

صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے خط کا جواب دے دیا جس میں صدر مملکت نے حکومت میں تبدیلی لانے کے لیے مبینہ سازش کی تحقیقات پر زور دیا ہے۔

جوابی خط میں صدر مملکت نے کہا ہے کہ حکومت میں تبدیلی کی مبینہ سازش کی مکمل تحقیقات کی ضرورت ہے، پاکستانی عوام کو وضاحت دینے، معاملے کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے حالات پر مبنی شواہد ریکارڈ کرنے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر کی طرف سے بھیجی گئی سائفر کی کاپی پڑھی، سائفر میں ڈونلڈ لو کے ساتھ پاکستانی سفارت خانے میں ہونے والی ملاقات کی باضابطہ سمری موجود تھی، سائفر کی رپورٹ میں مسٹر لو کے بیانات شامل ہیں جن میں خاص طور پر وزیر اعظم کے خلاف ‘عدم اعتماد کی تحریک’ کا ذکر کیا گیا، سائفر میں تحریک کی کامیابی کی صورت میں ‘معافی’، ناکامی کی صورت میں سنگین نتائج کا بھی ذکر ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے دو اجلاسوں میں توثیق کی گئی کہ بیانات پاکستان کے اندرونی معاملات میں ناقابل قبول اورصریح مداخلت کے مترادف ہیں، پاکستان نے بجا طور پر ڈی مارش جاری کیا، دھمکیاں خفیہ اور ظاہراً دونوں ہوسکتی ہیں تاہم اس خاص معاملے میں غیر سفارتی زبان میں واضح طور دھمکی دی گئی۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نے اپنے خط میں دھمکی پر ممکنہ ردعمل اور اثرات کا ذکر کیا، ایک خودمختار، غیور اور آزاد قوم کے وقار کو شدید ٹھیس پہنچی، معاملے کی تفصیلی جانچ اور تحقیقات کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ عمران خان کا خط وزیر اعظم پاکستان اور چیف جسٹس کو بھیج رہا ہوں، چیف جسٹس معاملے کی تحقیقات اور سماعت کے لیے بااختیار عدالتی کمیشن قائم کریں۔