اسلام آباد:حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کو روکنے کے لیے پلان تشکل دے دیا، اسلام آباد، راولپنڈی اورلاہورکے تمام داخلی اورخارجی راستے سیل کر دیے گئے۔
راوی پل کو کنٹینرزلگا کربند کردیا گیا،پل پرپولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی، لاہوراوراسلام آباد میں صورتحال سے نمٹنے کے لیے رینجرزکو طلب کرلیا گیا۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے ذرائع کے مطابق موٹروے کو بھی تمام طرح کی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے، پنجاب کے تمام اضلاع سے اسلام آباد جانیوالی ٹرانسپورٹ کو بھی بند کر دیا گیا۔
راولپنڈی جی ٹی روڈ کو اٹک خرد سے 15 کنٹینرزاور14 ٹریلر کھڑے کرکے بند کردیا گیا ہے۔ نیشل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے کہا ہے کہ راولپنڈی ٹریفک کو متبادل راستہ دیا جارہا ہے، راولپنڈی موٹروے ایم 2 راوی ٹول پلازا سے بند کیا گیا ہے۔
موٹر وے پولیس کے مطابق بابو صابو سے موٹر وے جانے والا ٹریفک روک دیا گیا، ٹریفک کا رخ ایم 2 ٹھوکر نیاز بیگ اور بابو صابو کی جانب کردیا گیا، راولپنڈی جی ٹی روڈ کو دریائے جہلم پل سے بند کردیا گیا ہے۔
لاہورسے راولپنڈی ٹریفک بند کردی گئی ہے، راولپنڈی سے لاہور جانے والا ٹریفک بھی بند کردیا ہے اور اسے متبادل راستے فراہم کیے جارہے ہیں۔ اسی طرح اسلام آباد سے کوٹ مومن موٹروے ایم 2 کو بھی بند کردیا گیا ہے۔
راولپنڈی اٹک موٹروے ہارون پل کو 8 کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا۔ اٹک حضرو سرکل میں شاہراہیں بند کردی گئی ہیں۔ راولپنڈی چھچھ موٹروے انٹرچینج کو 15 کنٹینرز اور 25 ڈمپرز لگا کر بند کردیا گیا۔ دریں اثنا راولپنڈی کمیٹی چوک انڈر پاس پرکنٹینر لگا کرمری روڈ کو بند کر دیا گیا۔
جڑواں شہروں کے تمام بس اڈے سیل کردئیے گئے ہیں۔ پیرودہائی بس اڈہ، فیض آباد، 26 نمبر چنگی بس اسٹاپ بھی سیل کردیا گیا۔ سواں بس ٹرمینل بھی انتظامیہ نے سیل کردیا۔ راولپنڈی انتظامیہ نے ٹرانسپورٹرز کو بسیں سڑکوں پر نہ لانے کی ہدایت کردی جس کے بعد راولپنڈی سے دیگر شہروں کو جانے والی پبلک ٹرانسپورٹ مکمل بند کردی گئی جس کے سبب مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
اسی طرح انتظامیہ نے میٹرو بس سروس کو شام 5 بجے سے صدرتا فیض آباد پنڈی سکیشن پر معطل رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شام پانچ بجے سے راولپنڈی سکیشن پر میٹرو بس سروس کو بند کردیا جائے گا جب کہ 25 مئی کو جڑواں شہروں میں میٹرو بس آپریشن مکمل طور پر بند رہے گا۔
ڈی آئی خان میں بھکر انتظامیہ نے کنٹینر کھڑے کرکے ڈیرہ دریا خان پل کو بند کردیا جب کہ ڈیرہ اسماعیل خان ٹانک سے کوئی گاڑی پنجاب میں داخل نہیں ہوسکتی۔
دریائے سندھ کے مقام پر پشاور اسلام آباد موٹروے کو کنٹینرزلگا کر بند کردیا گیا جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔