امپورٹڈ حکومت کی رخصتی تک دھرنا دیاجائے گا۔شوکت یوسفزئی ۔فائل فوٹو
امپورٹڈ حکومت کی رخصتی تک دھرنا دیاجائے گا۔شوکت یوسفزئی ۔فائل فوٹو

پی ٹی آئی نے احتجاج اوراجتماع کیلیے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اسلام آباد میں پرامن احتجاج اوراجتماع کی اجازت کیلیے سپریم کورٹ میں درخواست دائرکردی گئی ۔

نجی ٹی وی کے مطابق  پی ٹی آئی  کے جنرل سیکریٹری اسد عمرکی جانب سے دائرکردہ آئنی درخواست میں وزارت داخلہ ، آئی جی اسلام آباد اور ہوم سیکریٹری کو فریق بنایا گیا ہے ، درخواست میں موقف اختیارکیا گیا کہ عدالت پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں پرامن احتجاج اوراجتماع کی اجازت کا حکم دے، احتجاج کے شرکا کے راستے میں ملک بھر میں رکاوٹیں نہ کھڑی کی جائیں ۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ عدالت حکم دے کہ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں اور رہنمائوں کو گرفتار یا تشدد نہ کیا جائے ، نہ ہی پی ٹی آئی کے کارکنوں اور رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے مارنے سمیت ہراساں کرنے کے دیگر اقدام کئے جائیں ۔ درخواست میں دھرنے مین شرکت کرنےوالوں کے خلاف طاقت کا استعمال نہ کرنے کی استدعا کی گئی ہے ۔

 خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان  کی جانب سے 25 مئی کو اسلام آباد میں  دھرنے کی کال دی گئی تھی جس کو روکنے کیلیے وفاق، پنجاب اور سندھ حکومت نے  شہروں میں رکاوٹیں کھڑی کر دی تھیں ،  پی ٹی آئی کے کارکنوں کو سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ بعد ازاں عمران خان نے اسلام آباد پہنچ کر  دھرنا نہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے ڈیڈ لائن دی تھی کہ اگر چھ روز میں انتخابات کا اعلان نہ کیا گیا تو وہ دوبارہ کارکنوں کے ہمراہ اسلام آباد آئیں گے ۔