اسلام آباد:چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے کہا ہے کہ قومی اسٹریٹجک پروگرام پر بے بنیاد اورغیر ضروری تبصروں سے ہر صورت گریز کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آرکے مطابق نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز کے تحت علاقائی عوامل اور سیکیورٹی پر سیمینارمنعقد کیا گیا۔چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی اور ڈپٹی چیرمین نیشنل کمانڈ اتھارٹی جنرل ندیم رضا نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی نیوکلیئر صلاحیت مادر وطن کے دفاع اور سالمیت کی ضامن ہے، نیوکلیئر پروگرام کو عوام اور تمام سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل ہے، سول اور ملٹری قیادت اسٹریٹجک پروگرام کے ساتھ سیسہ پلائی دیوارکی طرح کھڑی ہے۔
جنرل ندیم رضا نے کہا کہ قومی سیکیورٹی ناقابل تقسیم ہے ، پاکستان اپنے ایٹمی پروگرام پرکسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا، پاکستان ذمے داراور پراعتماد نیوکلیئر ملک ہے، پاکستان کی پالیسی فل اسپیکٹرم ڈیٹرنس ہے جو کہ قابل اعتماد ایٹمی توازن کے دائرہ کار میں ہے، ہمارا قومی سیکیورٹی اور سیفٹی میکنزم ہر قسم کے خطرے کے خلاف بین الاقوامی ضابطوں کے مطابق ہے۔
جنرل ندیم رضا نے زور دیا کہ قومی اسٹریٹجک پروگرام پر بے بنیاد اورغیر ضروری تبصرے سے ہر صورت گریز کیا جائے، صرف نیشنل کمانڈ اتھارٹی ہی اسٹریٹجک پروگرام پر ریسپانس اورتبصرہ دینے کی مجاز ہے۔