اسلام آباد:سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ اکتوبرکےآخر میں نئےانتخابات کیلیےتیارہوں گے،نئے انتخابات کا فیصلہ حکومت نے کرنا ہے ۔
پریس بریفنگ میں سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان نے کہا کہ حکومت نےنئی مردم شماری کی تونئی حلقہ بندیاں کرناپڑیں گی، مئی 2021میں مردم شماری کانوٹیفکیشن جاری ہوگیاتھا۔الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں ووٹر لسٹوں کیلیے نظر ثانی کی ، یہ ایک بہت بڑی مشق تھی جس کیلیے 142 رجسٹریشن افسران ، دو ہزار اسسٹنٹ رجسٹریشن افسران ، 18 ہزار سے زائد سپر وائزرز اور مجموعی طور پر 88 ہزار سے زائد افراد نے عمل مکمل کیا۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن کے مطابق 21 نومبر 2021 سے قبل گھر گھر تصدیقی عمل مکمل کیا گیا، ملک میں 12 کروڑ 11 ہزار ووٹرز موجود تھے ، عوام کی سہولت کیلیے الیکشن کمیشن نے ایس ایم ایس 8300 کی بالکل مفت سروس مہیا کی تاکہ لوگ اپنے اور اہلخانہ کی ووٹر لسٹ میں موجودگی یا غیر موجودگی سے متعلق جان سکیں ، اس سروس سے ایک کروڑ 34 لاکھ افراد نے فائدہ اٹھایا اور یہ ووٹرز کے ووٹنگ عمل میں دلچسپی لینے کا بڑا ثبوت ہے ۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن کے مطابق گھر گھر تصدیقی عمل کے دوران 9 کروڑ 84 لاکھ ووترز کی مستقل یا عارضی پتہ پر موجودگی کی تصدیقی ہوئی جبکہ 40 لاکھ افرد کی فوتگی کی تصدیق ہوئی ، ایک کروڑ 59 لاکھ ووٹرز کی تصدیق نہ ہو سکی ۔