اسلام آباد چوک میں ٹرانسفارمر پھٹنے سے 3افراد جاں بحق ہو گئے تھے جبکہ 4زخمی ہوئے تھے۔فائل فوٹو
اسلام آباد چوک میں ٹرانسفارمر پھٹنے سے 3افراد جاں بحق ہو گئے تھے جبکہ 4زخمی ہوئے تھے۔فائل فوٹو

ٹرانسفارمر پھٹنے کا معاملہ۔حیسکوپر1 کروڑ روپے جرمانہ

اسلام آباد:نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹر اتھارٹی (نیپرا)نے حیدرآباد کے علاقے اسلام آباد چوک پر ٹرانسفارمر پھٹنے کے معاملے میں حیدر آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو)پر1 کروڑ روپے جرمانہ عائد کردیا ۔

نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد چوک میں ٹرانسفارمر پھٹنے سے 3افراد جاں بحق ہو گئے تھے جبکہ 4زخمی ہوئے تھے ،نیپرا نے ٹرانسفارمر پھٹنے پرہلاکتوں کی تحقیقا ت کیلیے 2ممبران پرمشتمل کمیٹی بنائی تھی ،تحقیقاتی ٹیم نے متاثرین کے بیانات قلمبند کیے اور واقع سے شواہد اکٹھے کیے جبکہ تحقیقاتی ٹیم نے حیسکو حکام سے بھی پوچھ گچھ کی۔ نیپرا نے کیس سے متعلق اعلامیہ بھی جاری کیا ہے جس کے مطابق تحقیقاتی ٹیم نے متاثرہ ٹرانسفارمر بنانے والی کمپنی کا بھی دورہ کیا اورتفتیش مکمل کرنے کے بعد اتھارٹی کو رپورٹ پیش کی تھی، اتھارٹی نے نیپرا ایکٹ کے تحت حیسکو کو شوکاز نوٹس جاری کیا اورسماعت کا موقع دیا ۔

تحقیقات میں ثابت ہوا کہ حیسکو ضابطہ اخلاق ، حفاظتی معیار سے متعلق قانونی ذمے داریاں سر انجام دینے میں ناکام رہاہے،جس پر نیپرا نےحیسکو کو سوگوار خاندانوں کو 35لاکھ فی کس معاوضہ ادا کرنے کی ہدایت کردی، ساتھ ہی ہدایت کی کہ معاوضے کی تفصیلات اتھارٹی کے ساتھ شیئرکی جائیں ،نیپرااتھارٹی کی حیسکوکو سوگوارخاندانوں کو ملازمت بھی دینے کی ہدایت کی۔