اسلام آباد:چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی 15 مقدمات میں 6 جولائی تک عبوری ضمانت منظورکرلی گئی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کامران بشارت مفتی کی عدالت میں سماعت کے دوران عمران خان اپنے وکیل بابراعوان کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے، دوران سماعت وکلاء کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے پانچ پانچ ہزار روپے مالیتی مچلکوں کے عوض تھانہ آبپارہ، آئی نائن،کوہسار، کراچی کمپنی ،گولڑہ ،ترنول اور تھانہ سیکریٹریٹ میں درج 10 مختلف مقدمات میں ضمانت منظورکرتے ہوئے پولیس کو گرفتاری سے روک دیا اور مقدمات کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے سماعت6 جولائی تک کیلیے ملتوی کردی۔
ادھر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ایسٹ عبدالغفور کاکڑ کی عدالت نے تھانہ بہارہ کہو، سہالہ،کورال اورتھانہ لوہی بھیر میں درج 5 مختلف مقدمات میں بھی سابق وزیر اعظم عمران خان کی پانچ پانچ ہزار روپے مالیتی مچلکوں کے عوض عبوری ضمانت منظورکرتے ہوئے پولیس سے ریکارڈ طلب کرلیا اور سماعت6جولائی تک کیلیے ملتوی کردی۔
عمران خان کے ہمراہ پی ٹی آئی رہنما اسد عمر، علی اعوان، شہباز گل بھی عدالت میں پیش ہوئے جبکہ عمران خان کی عدالت پیشی کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔