مسافرذہنی مریض پہنچا تھا،دبئی ائیرپورٹ سے حراست میں لے کر واپس پشاور بھجواد یا گیا۔فائل فوٹو

پی آئی اے اور سعودی ایئرلائن36حاجیوں کو چھوڑ کر روانہ

اسلام آباد ایئرپورٹ سے جدہ جانے والی پی آئی اے اور سعودی ایئرلائن کی پرواز 36 حاجیوں کو لیے بغیر ہی روانہ ہوگئی۔

ایئرپورٹ پر پھنسے 36 حاجیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ متاثرہ حاجی کے مطابق صبح 10 بج کر 20 منٹ پر پرواز جانی تھی، تمام مسافر بروقت ائیرپورٹ پہنچے۔حاجیوں کی جانب سے احتجاج اور نعرے بازی پر اے ایس ایف کو طلب کرلیا گیا۔

ایئرپورٹ حکام کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر پرواز مس کرجانے والے حاجی تاخیر سے ایئرپورٹ پہنچے، 22 مسافروں نے پی آئی اے اور 14 مسافروں نے سعودی ایئرلائن سے جانا تھا۔سعودی ایئرلائن کے مسافر بارش کی وجہ سے تاخیر سے ایئرپورٹ پہنچے جبکہ پی آئی اے پرواز کے مسافروں کو تاخیر سے ویزا ملا، مسافروں کو ضروری سہولیات مہیا کر رہے ہیں اور جلد کوئی حل نکل آئے گا۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق ویزوں میں تاخیر کے باعث مسافر نہ جا سکے اور اس میں قومی ایئر لائن کا کوئی قصور نہیں، عازمین کو ویزوں کا اجراءبروقت نہ ہونے پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

پی آئی اے نے عازمین کے لیے پرواز دو گھنٹے تاخیر کا شکار رکھی لیکن پرواز میں مزید تاخیر سے سعودی حکومت کا اجازت نامہ منسوخ ہونے کا اندیشہ تھا