اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ چار سال میں سابق مرد اول اور خاتون اول دونوں ہی کرپشن میں اول آئے ہیں، چور چور کے نعرے لگانے والا چار سال میں ایک سیاسی مخالف کو چور ثابت نہیں کرسکا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ مسٹر فراڈیا مخالفین کو غداری سے لنک کرنے اور چور کاجھوٹا بیانیہ بنانے کے علاوہ کچھ نہیں جانتا، پہلے سیاست میں نعوذبااللّٰہ اسلامک ٹچ دینے کی ناکام کوشش کی، اب سیاسی مخالفین کو بشریٰ بی بی کے حکم پر غداری سے لنک کرنے کے سوا کوئی بیانیہ نہیں ہے۔
رانا ثناءاللّٰہ نے کہا کہ ہم ‘سی پیک’ بچانے پر لگے ہوئے ہیں، مسٹر فراڈیا ‘گوگی پنکی اکنامک کوریڈور بچانے پر لگا ہوا ہے، امریکا کی چپکے چپکے منتیں، جلسوں میں سیاسی مخالفین کو غداری کے ساتھ لنک کرنے کا بیانیہ، عوام سب جانتے ہیں، ان فراڈیوں کو پہچانتے ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران نیازی نے 4 سال تک عوام کو مہنگائی اور معاشی تباہی کے ذریعے تگنی کا ناچ نچایا، آئی ایم ایف سے معاہدہ عمران خان نے کیا، آج ماتم کرکے عوام کو نیا دھوکا نہیں دے سکتے، عمران نیازی اور بشریٰ بی بی نے خیرات، قیراط، انگوٹھیاں اور گھڑیاں سب ہضم کرلیا۔