وفاقی کابینہ نے تحریک عدم اعتماد سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے تحریک انصاف کی قیادت کے خلاف غداری کا مقدمہ قائم کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دیدی۔
وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا جس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ فیصلے سے آئین کا تحفظ یقینی ہوا، سپریم کورٹ کا ڈپٹی اسپیکر رولنگ سے متعلق کیس کا فیصلہ قابل ستائش اور سنگ میل ہے۔
کابینہ نے اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال سمیت آئی ایم ایف سے ہونے والے معاہدے اور سپریم کورٹ کے تحریک عدم اعتماد سے متعلق تفصیلی فیصلے کا جائزہ لیا۔
اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے غداری کے مقدمے سے متعلق وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی ہے، کمیٹی سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں آئندہ کے اقدامات پر تجاویز دے گی، کمیٹی میں وزیر اطلاعات، قمر زمان کائرہ اور تمام اتحادی جماعتوں سے ایک ایک ممبر شامل ہو گا۔
انہوں نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں قرارداد منظور کی گئی جس میں کہا گیا کہ آئین، جمہوریت، پارلیمنٹ اور عوام کے حق حکمرانی پر شب خون مارنے کا یہ سلسلہ ہمیشہ کے لیے روک دیا جائے، کمیٹی عدالتی فیصلے کی روشنی میں اقدامات تجویز کرے گی۔
آرٹیکل 6 کی کارروائی کن افراد کے خلاف کی جائے گی ، اس حوالے سے سوال کے جواب میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ عدالتی فیصلہ واضح ہے جس میں نام درج ہیں کہ اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر ، صدر ، وزیراعظم نے آئینی عہدوں کی تذلیل کی، کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ ہمیشہ کے لیے اس آئین شکنی و سرکشی کو ختم کرنے کےلیے کمیٹی تجویز پیش کرے گی اور کابینہ اس کی منظوری دے گی۔