اسلام آباد:وفاقی حکومت نے 17 جولائی کو پنجاب میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں امن وامان برقرار رکھنے پاک فوج،رینجرز اور ایف سی تعینات کرنے کافیصلہ کرلیا۔
اس ضمن میں وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا ہے ۔جس میں وزیرداخلہ پنجاب عطااللہ تارڑ، سیکریٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، چیف سیکریٹری پنجاب کامران علی افضل اور اعلیٰ فوجی حکام سمیت دیگر حکام نے شرکت کی جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب اور سندھ کے ضمنی انتخابات کے تمام حلقوں میں آتشی اسلحہ کی نمائش؛ ساتھ رکھنے پرمکمل پابندی ہوگی جبکہ انٹیلی جنس رپورٹس کی بنیاد پر شرپسند عناصر کی ضمنی انتخابات کے حلقوں میں داخلے پر پابندی ہوگی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں گجرات سے لاہور میں لائے گئے 300 اسلحہ بردارافراد کے حوالے سے رپورٹس کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ایسے مسلح افراد کی ضمنی الیکشن کے دوران امن وامان پراثر انداز ہونے کے باعث پیشگی اقدامات لینے کا فیصلہ کیا گیا۔