وکلا نے اپنے عزیزکا چالان کرنے پر وارڈن کو تشدد کا نشانہ بنایا،فائل فوٹو
وکلا نے اپنے عزیزکا چالان کرنے پر وارڈن کو تشدد کا نشانہ بنایا،فائل فوٹو

چالان کرنے پروکلا کا ٹریفک وارڈن پربہیمانہ تشدد

لاہور:صوبائی دارالحکومت میں وکلا کے گروپ نے چالان کرنے پر ٹریفک وارڈن کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا دیا۔

ذرائع کے مطابق ٹریفک وارڈن اکرم نے ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی کرنے پرچالان کیا اورکاغذات نہ دینے پر موٹرسائیکل تھانہ پرانی انارکلی میں بند کروادی۔ جس پرایک گھنٹے بعد 10 سے 15 وکلا نے پی ایم جی چوک پر موجود نہتے وارڈن کو تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ نیم بے ہوش ہو گیا۔

ایس پی ٹریفک شہزاد خان کے مطابق وکلا نے اپنے عزیزکا چالان کرنے پر وارڈن کو تشدد کا نشانہ بنایا، جس سے اکرم شدید زخمی ہونے کی وجہ سے بے ہوش ہوگیا۔ وارڈن کو میو اسپتال منتقل کیا گیا جب کہ ٹریفک پولیس حکام نے جائے وقوع پہنچ کر معلومات حاصل کیں۔

سی ٹی او لاہور منتظر مہدی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے وارڈن کے بہترین علاج کی ہدایت اور ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیدیا۔ سی ٹی او لاہور منتظر مہدی نے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے تشدد کرنے والے وکلا کے لائسنس معطلی کے لیے پنجاب بار کو خط لکھنے کی ہدایت کی۔