لاہور ہائیکورٹ نے پولیس کو پنجاب اسمبلی کے اندر جانے سے روک دیا ،امن و امان کی صورتحال خراب ہونے پر پولیس اندر جا سکے گی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کے ایوان میں پولیس تعیناتی کے فیصلے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی جس دوران جسٹس مزمل اختر شبیرنے ریمارکس دیے کہ حملہ تو الیکشن سے پہلے بھی ہو سکتا ہے ، درخواست گزار نے کہا کہ اسمبلی کی انٹرنل سیکیورٹی موجود ہے ،عدالت نے استفسار کیا کہ اسمبلی کی اندرونی سیکیورٹی حالات کنٹرول نہ کرے تو پھر کیا حل ہے ، درخواست گزارنے جواب دیا کہ اندرونی سیکیورٹی سے حالات کنٹرول نہ ہوئے تو پھر دیکھا جائے گا، عدالت نے کہا کہ اسمبلی کے اندرگولیاں ،لاٹھیاں چل جائیں، نقصان ہو جائے تو کون ذمے دار ہو گا ؟ کس قانون کے تحت اسمبلی میں پولیس تعینات نہیں ہو سکتی ہے، درخواست گزار نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر کے پاس صرف الیکشن کروانے کا اختیار ہے۔