گوالمنڈی میں نالہ لئی کے کنارے گھر خالی کرانے کی سطح 20 فٹ ہے،فائل فوٹو
گوالمنڈی میں نالہ لئی کے کنارے گھر خالی کرانے کی سطح 20 فٹ ہے،فائل فوٹو

راولپنڈی میں شدید بارش،نالہ لئی بپھرگیا،فوج طلب

راولپنڈی: شدید بارشوں سے نالہ لئی بپھرگیا، انتظامیہ نے آبادیوں کو الرٹ جاری کرتے ہوئے امداد کے لیے فوج کی ٹرپل ون بریگیڈ طلب کرلی۔

نجی ٹی وی کے مطابق راولپنڈی نالہ لئی میں طغیانی کے سبب خطرے کے سائرن بجا دیے گے اور راولپنڈی پاک فوج ٹرپل ون بریگیڈ کو طلب کرلیا گیا جس نے نالے کے کناروں پر بسنے والوں کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کردیا۔

نالے میں پانی کی سطح بلند ہونے کا سلسلہ جاری ہے، کٹاریاں میں پری الرٹ اور گوالمنڈی میں الرٹ جاری کردیا گیا ہے، کٹاریاں میں پانی کی سطح 15.5 فٹ اور گوال منڈی میں پانی کی سطح 15 فٹ تک پہنچ گئی جس میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

گوالمنڈی میں نالہ لئی کے کنارے گھر خالی کرانے کی سطح 20 فٹ ہے، نالہ بھرنے کی سطح چند فٹ کے فاصلے پر رہ گئی جس کے سبب خطرے کا الرٹ جاری کیا گیا۔ بارش نہ رکنے کی صورت میں نالہ لئی میں پانی کی سطح مزید بڑھ سکتی ہے۔

 راولپنڈی میں بارش کی تباہ کاریاں جاری ہیں جہاں نشیبی علاقے ڈوب گئے ہیں وہیں تجارتی مراکز کو بھی نقصان پہنچا ہے، اطلاعات ہیں کہ راولپنڈی کے تجارتی مراکز بھی پانی میں ڈوب گئے ہیں، راجہ بازار، موتی بازار، موچی بازار میں سیکڑوں دکانوں میں پانی داخل ہوگیا، سامان بھیگنے کے سبب تاجروں کو مجموعی طور پر کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا ہے۔