اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پنجاب میں گورنر راج لگانے کیلیے سمری تیاری شروع کردی۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ میں نے پنجاب میں گورنر راج لگانے کیلیے سمری پر کام شروع کردیا ہے ،گورنرراج کی سمری وزارت داخلہ میں تیار ہو رہی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ میرا پنجاب میں داخلہ بند کیا توگورنر راج لگانے کا جواز ہو گا،ان کا مزید کہنا تھاکہ کسی نے بھی وفاق پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی تو اسے روکیں گے ،پنجاب یا خیبر پختونخوا (کے پی )سے چڑھائی کا فیصلہ کیا تو وہیں سے روکیں گے ۔
ان کا کہنا تھا کہ انکوائری ہو رہی ہے ،عمران خان کی کرپشن سامنے آ رہی ہے ،سپریم کورٹ کے فیصلے سے مزید عدم استحکام پیدا ہوا ہے،نواز شریف واپس آئیں گے اورانتخابی مہم چلائیں گے ،عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد مسلم لیگ (ن )کا فیصلہ تھا کہ عام انتخابات کی طرف جایا جائے ۔