کراچی: اوپن مارکیٹ میں ڈالر 240 روپے میں فروخت کیا جارہا ہے جبکہ انٹربینک میں بھی ڈالر کی قیمت میں 2 روپے 48 پیسے اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔انٹربینک میں روپے کی ریکارڈ کمی کا سلسلہ مسلسل جاری ہے اور ایسے میں امریکی ڈالر آئے روز نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔کاروباری ہفتے کے چوتھے روز بھی ڈالر کی اونچی اڑان جاری ہے اور کاروبار کے آغاز میں ہی ڈالر کی قدر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔اب تک انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں 2 روپے 48 پیسے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد امریکی ڈالر ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔انٹر بینک میں ایک امریکی ڈالر کی قیمت 238 روپے 48 پیسے تک جاپہنچی ہے جبکہ گزشتہ روز ڈالر 236 روپے 2 پیسے پر بند ہوا تھا۔اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر 238 روپے سے بڑھ کر 240 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔