روپے کی قدر بحال، ڈالرمزید سستا،اسٹاک مارکیٹ میں تیزی

کراچی:عالمی مالیاتی اداروں کی طرف سے اربوں ڈالر ملنے کے گرین سگنل ملنے کے بعد ملک بھر میں روپے کی قدر تیزی سے بحال ہونے لگی۔ انٹربینک میں ڈالر مزید 2 روپے 4 پیسے سستا ہو گیا ہے جس کے بعد انٹربینک میں امریکی کرنسی 222 روپے پر ٹریڈ کر رہی ہے۔

دوسری جانب سٹاک مارکیٹ اسٹاک ایکس چینج میں 603 پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے، 100 انڈیکس 42 ہزار 700 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔

ادھر معاشی ماہرین کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے امریکی ، سعودی، یو اے ای حکام سے رابطے کے بعد امید ہے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی قسط جلد جاری ہوجائے گی ۔ ڈالر کی قدر مصنوعی انداز میں بڑھائی گئی تھی،ڈالر کی حقیقت میں بنیادی قدر 180روپے سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔