کراچی: انسداد دہشتگردی عدالت نے قتل، پولیس مقابلے، ناجائزاسلحہ اور دھماکا خیز مواد رکھنے کے 6 مقدمات میں کالعدم پیپلز امن کمیٹی کےسربراہ عزیر بلوچ کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وہ پاکستان پیپلزپارٹی کے قیادت اور سندھ پولیس کے اعلیٰ افسران کی مبینہ سرپرستی میں قتل، اقدام قتل، قانون نافذ کرنیوالوں پر مسلح حملوں سمیت بھتہ خوری اورمجرمانہ ریکٹ چلانے سے متعلق درجنوں مقدمات کا سامنا کررہے ہیں۔
سینٹرل جیل کے اندر جوڈیشل کمپلیکس میں مقدمے کی سماعت کرنےو الے انسداد دہشتگردی عدالت کے جج نے دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد ضمانت کی درخواست پر اپنا فیصلہ سنایا۔
جج نے درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مقدمات کی سماعت کے موجودہ مرحلے میں درخواست گزار بعد از گرفتاری کی قانونی رعایت سے فائدہ اٹھانے کا اہل نہیں ہے۔