پی ٹی آئی نے مزار قائد کی انتظامیہ کو جلسے کی اجازت اور سیکورٹی کی درخواست جمع کرا دی

تحریک انصاف 19 اگست کو کراچی میں جلسہ کرے گی

 کراچی: پاکستان تحریک انصاف نے 19 اگست کو باغ جناح میں ہونے والے جلسے کی اجازت اور سیکیورٹی کیلئے درخواست دے دی ہے ۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تحریک انصاف کراچی نے ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ، کمشنر کراچی اور مزار قائد کی انتظامیہ کو 19 اگست کو ہونے والے جلسے کے حوالے سے درخواست جمع کروادی ہے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے چیئرمین عمران خان کے کراچی جلسے کیلئے باغ جناح میں انتظامات کیے جائیں گے، اس حوالےسے تمام درخواستیں پی ٹی آئی کراچی کے صدر بلال غفار کی جانب سے جمع کرائی گئیں۔

بلال غفار کا کہنا ہے کہ  انتظامیہ باغ جناح کی سیکورٹی کیلئے اقدامات یقینی بنائے، عمران خان کراچی میں 19 اگست کو تاریخی جلسے سے خطاب کریں گے۔