آئی ایم ایف کی شرط کی وجہ سے تمام چیزوں کی درآمد سے پابندی ہٹا رہے ہیں۔فائل فوٹو
سگریٹس، موبائل فون اور گاڑیاں مزید مہنگی ہوں گی

آئی ایم ایف کے سامنے سرخم ۔ لگژری اشیا کی درآمد پرپابندی ختم

اسلام آباد :پاکستان نے آئی ایم ایف کے سامنے گھٹنے ٹیکتے ہوئے ایک اور شرط کو تسلیم کرلیا گیا ، حکومت کی جانب سے لگژری اشیا کی درآمد پر پابندی ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا۔تاجروں پر لگایا گیا فکس سیلز ٹیکس بھی واپس لے لیا۔

وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نہیں چاہتے تھے کہ لگژری اشیا کی درآمد سے پابندی ختم کی جائے لیکن آئی ایم ایف کی شرط کی وجہ سے تمام چیزوں کی درآمد سے پابندی ہٹا رہے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ آئی ایم ایف کی جتنی کنڈیشنز تھیں ہم نے پوری کر دی ہیں جبکہ چین اور دیگر دوست ممالک نے بہت تعاون کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی تقاضے پورے کرنے کے لیے امپورٹ سے پابندی ہٹانا ضروری ہے اور آئی ایم ایف بھی چاہتا ہے کہ ہم امپورٹ پر جلدی پابندی ہٹا لیں، ہم نے امپورٹ پر پابندی عائد کی تھی لیکن اب امپورٹ بھی ہمارے کنٹرول میں ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ مہنگی گاڑیوں کی درآمد پر بھاری ڈیوٹی لگا رہے ہیں اور بڑی گاڑیوں پر ڈیوٹیز لگائیں گے، پہلے آٹے چینی دال کو ترجیح دیں گے جبکہ بہت ساری اشیا پر ٹیکس موخر کر دیا ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ  بجلی کے نرخوں کے  مسئلے کو حل کر رہے ہیں ، بجلی پر نان فنڈڈ سبسڈی نہیں دیں گے ، ریٹیل پر جو ٹیکس لگایا تھا اس پر ہمارا تخمینہ  42 ارب روپے ہے ، ریٹیل ٹیکس کے ہدف کو 42 ارب سے کم کر کے 27  ارب کر دیا ہے ، تمباکو پر 36 ارب روپے کا ٹیکس لگا رہے ہیں ،ٹیوب ویلز کے پیٹر انجن سے سیلز ٹیکس ہٹا رہے ہیں ۔