شہباز گل مکمل فٹ ہیں، نئی میڈیکل رپورٹ جاری

اسلام آباد: اداروں کیخلاف بغاوت پر  اکسانے کے الزام میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کی نئی میڈیکل رپورٹ جاری کردی گئی۔شہباز گل کی میڈیکل رپورٹ معائنہ کرنے والے 6 رکنی میڈیکل بورڈ نے تیار کی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شہبازگل مکمل طور پر ہشاش بشاش اور بالکل نارمل ہیں۔میڈیکل رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بورڈ نے شہباز گل کا مکمل جسمانی طبی معائنہ کرنا چاہا لیکن انہوں نے انکار کر دیا، شہباز گل نے صرف سینے کا طبی معائنہ کرنے کی اجازت دی۔

رپورٹ کے مطابق شہباز گل نے تسلیم کیا کہ ان کی صحت نیبولائز کرنے سے بہتر ہوئی، شہباز گل کے تمام خون کے ٹیسٹ نارمل ہیں، بورڈ نے چھاتی کے ایکسرے اور چند ٹیسٹ کرانے چاہے لیکن شہباز گل نے انکار کردیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مریض کو معمولی نوعیت کی سینے کی تکلیف ہے جس کی کوئی علامات نہیں ہیں، شہباز گل ڈسچارج ہونے کیلئے مکمل فٹ ہیں۔