کراچی: ملک بھر میں ایک مرتبہ پھر روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا جبکہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کے باعث سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمارکے مطابق رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں ایک روپیہ کا اضافہ دیکھا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 216 روپے 66 پیسے سے بڑھ کر 217 روپے 66 پیسے ہو گئی ہے۔ اس کے برعکس اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر بغیرکسی تبدیلی کے 222 روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔
دوسری طرف پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی 100 انڈیکس 540.12 پوائنٹس کی بڑھوتری کے بعد 43366.78 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔
کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 1.26 فیصد کی بہتری دیکھی گئی جبکہ 13کروڑ 81 لاکھ 21 ہزار 459 شیئرز کا لین دین ہوا۔ جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 80 ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔