سیلاب کی وجہ سے کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔فائل فوٹو
سیلاب کی وجہ سے کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔فائل فوٹو

وزیر اعظم کا سیلاب متاثرہ نوشہرہ ،چارسدہ کا دورہ

نوشہرہ: وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں نوشہرہ اور چارسدہ کا دورہ کیا، سیلاب سے ہونیوالے نقصانات اور امدادی کارروائیوں پربریفنگ دی گئی۔

 نوشہرہ کے سیلاب متاثرہ علاقوں اورامدادی کیمپ کا دورہ کیا، گورنمنٹ کامرس کالج نوشہرہ میں سیلاب متاثرین کیلیے قائم کردہ امدادی کیمپ بھی گئے اورسیلاب متاثرین سے ملاقات کی۔

دورہ کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے نوشہرہ میں مردان پل پر سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا، دریائے کابل میں سیلابی صورتحال اورریسکیو کارروائیوں پربریفنگ دی گئی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بارشوں سے لاکھوں لوگوں کو نقصان پہنچا ہے، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا اور جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں کو سیلاب کا سامنا ہے، این ڈی ایم اے ،پی ڈی ایم اے افواج پاکستان کے ساتھ ملکر کام کر رہے ہیں، سیلاب کی وجہ سے کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ دکھی انسانیت کا ہاتھ تھامنے کا ہے، دوست ملکوں کے سربراہوں نے اس آفت پر دکھ اورافسوس کا اظہارکیا، سیلاب متاثرین کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت امداد دی جا رہی ہے۔

وزیراعظم پاکستان نے مخیرحضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ آگے بڑھیں اور مدد کریں۔ سیلاب سے جاں بحق افراد کے لواحقین کو دس،دس لاکھ روپے دیے جاررہے ہیں، حکومت کی جانب سے سیلاب زدگان کو 25ہزار روپے کی مالی امداد دی جائے گی۔