اسلام آباد: وفاقی وزارت تجارت نے ملک میں سبزیوں کی پیداوار متاثر ہونے کے باعث پیاز اور ٹماٹر کی درآمد کی اجازت دے دی۔ رپورٹ کے مطابق وفاقی وزارت تجارت کے اجلاس میں حالیہ بارشوں سے سبزیوں کی پیداوار متاثر ہونے اور مارکیٹ میں قلت کی صورتحال پر غور کیا گیا، اجلاس کی صدارت وفاقی سیکریٹری تجارت نے کی جس میں وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اور ایف بی آر کے اعلی افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں ایران، ترکی اور افغانستان کے سفارتی نمائندوں نے بھی شرکت کی اور اپنے ملکوں میں پیاز، ٹماٹر اور سبزیوں اور اجناس کی قیمتوں اور سرپلس کے بارے میں آگاہ کیا۔پی ایف وی اے کے سرپرست اعلی وحید احمد کے مطابق پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹل امپورٹرز ایکسپورٹرز مرچنٹس ایسوسی نے فوری طور پر پیاز ٹماٹر کی درآمد پر ڈیوٹی اور ٹیکسز کے خاتمہ کی تجویز دی تھی جس پر حکومت نے بروقت فیصلہ کیا جس کے بعد امپورٹرز نے مارکیٹ میں استحکام کے لیے 3 ماہ کی مدت کے لیے ڈیوٹی اور ٹیکسوں کی چھوٹ کی تجویز بھی دی تھی۔
وحید احمد نے بتایا کہ سیلاب سے سندھ میں پیاز کی 80 فیصد سے زائد فصل برباد ہوگئی جبکہ ٹماٹر کی فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، بلوچستان میں پیاز کے سیزن کے دوران طوفانی بارش اور سیلاب سے پیاز کی فصل تباہ ہوگئی جس سے مارکیٹ میں پیاز اور ٹماٹر کی خوردہ قیمت 200 روپے تک پہنچ گئی ہے اور مزید اضافہ کا خدشہ ہے۔