ایران سے پیاز اورٹماٹر کے 40 ٹرک پاکستان پہنچ گئے

اسلام آباد: ایران سے پیاز اور ٹماٹر کے 40 ٹرک پاکستان پہنچ گئے۔ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے دوران ٹماٹر اور پیاز کی قیمتیں 300 روپے فی کلو تک پہنچ گئی تھیں۔

پاکستان میں جون سے اگست کے آخری ہفتے تک جاری مون سون بارشوں اور اس کے بعد سیلابی صورتحال کے نتیجے میں فصلیں تباہ ہوگئیں جبکہ ذرائع مواصلات بھی بری طرح متاثر ہونے سے سبزیوں اور دیگر اشیائے ضروریہ کی ترسیل میں شدید مشکلات کا سامنا رہا۔

پاکستان میں ٹماٹر اور پیاز کی قیمتیں 300 روپے فی کلو تک پہنچنے کے بعد حکومت نے پیاز اور ٹماٹر کی درآمد کی اجازت دیتے ہوئے اس پر ڈیوٹی 90 روز کیلئے ختم کردی تھی۔

حکومتی اجازت کے بعد ایران سے پیاز اور ٹماٹر کے 40 ٹرک تفتان پہنچ گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایران سے روزانہ کی بنیاد پر ٹماٹر اور پیاز کی درآمدات جاری رہے گی۔

واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے جانب سے پیاز اور ٹماٹر کی درآمد پر ٹیکس 90 روز کیلئے ختم کردیا تھا۔